ویب ڈیسک: یومِ استحصالِ کشمیر پر صوبہ پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ نے اپنے خصوصی پیغامات میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پہلے بھی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا تھا، اب بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پیغام:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی لوح تقدیر پر ثبت ہو چکی ہے۔ پانچ اگست 2019 سے بھارتی مظالم میں بے پناہ اضافے کے باوجود کشمیریوں کا حوصلہ اور ہمت قابل تحسین ہے۔ کشمیر فیصلہ کرے گا ہم ساتھ کھڑے تھے ،ہیں اور رہیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ عالمی ضمیر پر سوال ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظاہرین پر عالمی برادری کی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔کشمیری بہن بھائیوں پرآزادی کا سورج طلوع جلد ہوگا۔ برصغیر میں مستقل امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ ہزاروں کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم کرکے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبانے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔ کشمیر ہر پاکستانی کے دل میں دھڑک رہا ہے۔ بھارت کے ظلم و ستم کی وجہ سے کشمیری ایک دہائی سےلاک ڈاؤن کی زندگی گزار رہے ہیں۔ کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر مستقل بے حسی عالمی ضمیر کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ بھارت کا ظلم وقتی ہے لیکن کشمیر کی آزادی مقدر ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ناقابل قبول ہے۔ دنیا کوکشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔ بھارت کا قبضہ غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی ہے۔ کشمیر کی سیاہ رات کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔ دنیا پر کھل چکاہے مسئلہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں بلکہ انسانی المیہ بن چکا ہے۔ خطے کے ڈیڑھ ارب سے زیادہ لوگ امن اور خوشحالی کی سحر دیکھنے کے مستحق ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا پیغام:
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ استحصال کشمیر پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔بھارتی ظلم، جبر اور بربریت کا سامنا کرنے والے کشمیری قابلِ فخر ہیں۔ عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کردار ادا کرے۔سندھ کے عوام کشمیریوں سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا۔مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ غیرقانونی ہے۔پیپلز پارٹی کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔کشمیریوں پر مظالم عالمی ضمیر کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوا۔ کشمیریوں کے خلاف بھارتی اقدامات ناقابلِ قبول ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس پر سمجھوتہ ممکن نہیں۔ برصغیر میں امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ بھارت نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔ انہوں نے ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔