بجلی صارفین کیلئے خوشخبری،قیمتوں میں مزید کمی کا امکان

بجلی صارفین کیلئے خوشخبری،قیمتوں میں مزید کمی کا امکان
کیپشن: بجلی صارفین کیلئے خوشخبری،قیمتوں میں مزید کمی کا امکان

ویب ڈیسک: ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے خوشخبری، آئندہ ماہ کے بلوں میں چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 0.77 روپے بشمول ٹیکس تک کمی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) میں مالی سال 2024–25 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست جمع کرائی گئی، جس پر اتھارٹی نے 4 اگست 2025 کو سماعت کی۔

سماعت کے دوران بتایا گیا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی واپسی اگست، ستمبر اور اکتوبر کے بلوں میں صارفین کو 1.89 روپے فی یونٹ منفی ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں دی جائے گی۔

حکام کے مطابق بجلی کی پیداواری کمپنیوں کے ساتھ ترمیم شدہ معاہدوں، کیپٹو پاور پلانٹس کی قومی گرڈ میں منتقلی اور بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث پیداواری لاگت میں کمی ممکن ہوئی، جس کا فائدہ اب صارفین تک پہنچایا جائے گا۔ اس حساب سے صرف اگست کے بلوں میں چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0.34 روپے فی یونٹ کمی متوقع ہے۔

دوسری جانب سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون 2025 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) کی درخواست 16 جولائی کو نیپرا میں جمع کرائی تھی، جس پر 3 جولائی کو سماعت کی گئی۔

  نیپرا حکام کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت 0.78 روپے فی یونٹ کی کمی کا تخمینہ ہے جو کہ اگست کے بجلی بلوں میں عائد کیا جائے گا۔ اس سے قبل جولائی کے بلوں میں صارفین کو 0.50 روپے فی یونٹ کی منفی ایف پی اے واپسی مل چکی ہے۔

مجموعی طور پر اگر ان دونوں ایڈجسٹمنٹس کے اثر کو دیکھا جائے تو صارفین کو اگست کے بلوں میں فی یونٹ تقریباً 0.77 روپے بشمول ٹیکس تک کمی کا ریلیف مل سکتا ہے، جو بجلی کی بڑھتی قیمتوں کے تناظر میں گھریلو اور تجارتی صارفین کے لیے مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News