(ویب ڈیسک ) بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کی علیمہ خان سے تکرار ڈی چوک احتجاج میں شہادتوں کی متضاد تعداد بارے ہوئی۔
کمرہ عدالت میں بیرسٹر گوہر خان اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کی بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان سے تکرار ہوئی، تکرار ڈی چوک احتجاج میں شہادتوں کی متضاد تعداد بارے ہوئی۔
علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے کہا آپ نے 12 شہادتیں ہی کیوں بتائیں۔ بیرسٹر گوہر خان 12 شہادتوں کے فگر پر ڈٹے رہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہمارے پاس جو تفصیلات ہیں اس میں بغیر تصدیق کے کیسے اضافہ کرسکتے ہیں، علیمہ خان نے کہا آپ کو معلوم ہے ہمارے کتنے لوگ لاپتہ ہیں۔اس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اس پر کام کررہی ہیں۔
اس موقع پر بیرسٹر سلمان اکرم راجہ بھی بیرسٹر گوہر خان کی حمایت کرتے رہے۔ بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا پارٹی تمام تر تفصیلات اکٹھی کرنے میں لگی ہیں، یقین کریں اس معاملے کو پارٹی ایسے ہی نہیں جانے دے گی۔
بیرسٹر گوہر نے غیر مصدقہ شہادتوں کی تعداد پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ میرے پاس 12 شہادتوں کے علاوہ کوئی مصدقہ شہادت نہیں، میں کیسے کہہ دوں کہ سینکڑوں لوگ شہید ہوئے۔
علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے سوال کیا کہ آپ یہ بتائیں آپ کس کس شہید اور زخمی کے گھر گئے، اس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ سے پوچھیں جو کارکن کنٹینر سے گر اسکے گھر گئے۔
سلمان اکرم راجہ نے علیمہ خان سے کہا جو کارکنان عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں خدا کیلئے انکو لاپتہ نہ کہیں۔