ویب ڈیسک: حکومتِ بلوچستان نے بیرون ملک موجود کالعدم تنظیموں کے سربراہان، اہم کمانڈرز اور 300 سے زائد مطلوب دہشتگرد عناصر کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کے ریڈ نوٹسز جاری کرنے اور ان کے خلاف عالمی عدالتوں میں مقدمات چلانے کا فیصلہ کر لیا۔
یہ فیصلہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے ایک غیر معمولی اور اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک موجود دہشتگرد رہنماؤں کے مقامی سہولت کاروں سے روابط، کال ریکارڈنگز، مالی معاونت اور دیگر شواہد مکمل طور پر دستاویزی شکل میں موجود ہیں۔
اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ مقامی سہولت کاروں سے لے کر بیرون ملک بیٹھے کالعدم تنظیموں کے سربراہان تک فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔
اس سلسلے میں کالعدم بی ایل اے، بی آر اے، بی ایل ایف، یو بی اے، بی آر جی اور لشکر بلوچستان کے رہنماؤں اور کمانڈرز کے خلاف درج مقدمات کی پراسیکیوشن کو تیز کرنے اور تمام شواہد کو عالمی معیار کے مطابق ریکارڈ کا حصہ بنانے کی ہدایات بھی دی گئیں۔