آن لائن پاسپورٹ سروس میں شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کردی گئی

آن لائن پاسپورٹ سروس میں شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کردی گئی
کیپشن: آن لائن پاسپورٹ سروس میں شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کردی گئی

ویب ڈیسک: محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے شہریوں کی سہولت میں اضافہ کرتے ہوئے ای سروسز پورٹل کے ذریعے پاسپورٹ درخواست جمع کرانے کا نیا اور واضح طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے نادرا کے تعاون سے بائیومیٹرک تصدیق کا جدید نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت اب درخواست گزار اپنی بائیومیٹرک ویریفیکیشن ”پاک آئی ڈی“ موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے کر سکیں گے۔ اس تبدیلی کے بعد فنگرپرنٹس کو ہاتھ سے اسکین کرنے یا manual طریقہ کار کی ضرورت نہیں رہے گی۔

یہ نئی سہولت 4 دسمبر 2025 سے عوام کے لیے فعال کر دی گئی ہے۔

اکاؤنٹ اور درخواست کا عمل

اگر صارف کا پہلے سے اکاؤنٹ موجود ہے تو وہ لاگ اِن کرکے فوراً درخواست کا عمل شروع کر سکتا ہے۔

نئے صارفین کو رجسٹریشن فارم میں مطلوبہ معلومات درج کرنا ہوں گی، موبائل نمبر اور ای میل کی تصدیق کے بعد اکاؤنٹ فعال ہو جائے گا، جس کے بعد ای میل اور پاس ورڈ کے ذریعے پورٹل تک رسائی ممکن ہوگی۔

درخواست کے لیے دستیاب آپشنز

محکمہ پاسپورٹ کے مطابق پورٹل پر پانچ مختلف آپشنز فراہم ہیں، جن میں سے صارف اپنی ضرورت کے مطابق سروس منتخب کرسکتا ہے۔

تاہم پاسپورٹ کی آن لائن تجدید (Renewal) صرف اسی صورت ممکن ہوگی جب پاسپورٹ کی میعاد ایک سال سے کم رہ گئی ہو۔

نام، پیشے یا ذاتی معلومات میں تبدیلی کے معاملات اس آن لائن سروس کے ذریعے ممکن نہیں ہوں گے۔

درخواست جمع کراتے وقت شہری ڈراپ ڈاؤن لسٹ سے قریب ترین پاسپورٹ آفس بھی منتخب کر سکیں گے، تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں طویل سفر نہ کرنا پڑے۔

تصویروں اور دستاویزات سے متعلق ہدایات

پورٹل پر تصویر اور فائلز اپ لوڈ کرنے کے لیے رہنمائی بھی فراہم کی گئی ہے۔

فائل کا سائز مقررہ حد سے زیادہ نہ ہو
فارمیٹ صرف PNG، JPG یا JPEG قابل قبول ہوں گے

فیس کی ادائیگی کا نیا ڈیجیٹل نظام

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پاسپورٹ فیس جمع کرانے کے لیے نیا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا ہے۔
فیس اب صرف ایک منٹ میں جمع ہو سکتی ہے، جس سے نیشنل بینک کی طویل قطاروں سے چھٹکارا مل گیا ہے۔

ادائیگی کے ذرائع پاسپورٹ فیس آسان موبائل ایپPaymaster.pk ویب پورٹل کے ذریعے 24 گھنٹے جمع کروائی جاسکتی ہے۔

محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق اس جدید آن لائن نظام کا مقصد شہریوں کو آسان، محفوظ اور مؤثر سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بغیر غیر ضروری انتظار کے جدید طریقے سے پاسپورٹ حاصل کر سکیں۔ قواعد، فیس اور دستاویزات سے متعلق تفصیلی معلومات پورٹل پر دستیاب ہیں، جبکہ کسی بھی تبدیلی کی صورت میں شہریوں کو وقتاً فوقتاً ویب سائٹ چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Watch Live Public News