اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے نمائندوں نے شرکت کی، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات بڑھانے کے حوالے سے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی زیر صدارت یہ اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان سمیت آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات کے حوالے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا حکومت ملازمین کی فلاح پر یقین رکھتی ہے۔ ان کو تمام سہولیات فراہم کرینگے۔ ملک معاشی ترقی کر رہا ہے، وسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ملازمین کی تنخواہوں میں ضرور اضافہ کریں گے۔ ملکی وسائل کے تناسب سے دیگر مراعات بھی دیں گے۔ ہمارے دل بہت بڑے ہیں۔ اگلے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں کا خاص خیال رکھیں گے۔ تنخواہوں میں موجودہ تضادات کو ختم کرنے کی کوشش کرینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پے اینڈ پینشن کمیشن کی سفارشات کو جلد حتمی شکل دیں گے۔ پے اینڈ پینشن کمیشن حکومت نے سرکاری ملازمین کی فلاح کے لئے قائم کیا ہے۔