لاہور ( پبلک نیوز) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول زرداری تیرا غم میرا غم ایک جیسا صنم کی زندہ مثال ہیں۔ بلاول زرداری اور شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئی انہوں نے کہا کہ ان کا غم اقتدار سے دوری اور ان کی کہانی کرپشن کی ہے۔ سب جانتے ہیں کہ اپوزیشن کا اتحاد ریت کی دیوار سے زیادہ کمزور ہے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کے خلاف سازش کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی ملاقاتیں بھی شاید ایک دوسرے کی جاسوسی کرنے کا ایک بہانہ ہوتی ہیں۔ آج پاکستان کی روز افزوں ترقی نے غیر متحدہ اپوزیشن کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ ساڑھے تین سال ہو گئے۔ اپوزیشن آپس میں صلاح مشورے کرنے میں مشغول ہے۔ آئندہ بھی اپوزیشن باتیں ملاقاتیں، حکومت عوامی خدمت کرتی رہے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ حکومت نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔ کشمیر کاز کو دانستہ نقصان پہنچانے والی ن لیگ کو حکومت پر تنقید زیب نہیں دیتی۔