سفارتی ذرائع کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف انتقال کر گئے ہیں۔ پرویز مشرف امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرِ علاج تھے۔ سابق صدر پرویز مشرف 11 اگست 1943ء کو دہلی میں پیدا ہوئے، انہوں نے کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی۔اس کے بعد ایف سی کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی اور 1961ء میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ سابق صدر پرویز مشرف نے بعد میں اسپیشل سروسز گروپ میں شمولیت اختیار کی، انہوں نے 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں بھی حصہ لیا۔ پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998ء کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے۔ پرویز مشرف نے 12 اکتوبر 1999ء کو نواز شریف حکومت ختم کر کے چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ سنبھالا۔ اپریل 2002ء میں ریفرنڈم کرا کے پرویز مشرف باقاعدہ صدرِ پاکستان منتخب ہوئے۔ پرویز مشرف 2004ء میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے باوردی صدر منتخب ہوئے۔ پرویز مشرف 18 اگست2008ء کو صدارت سے مستعفی ہو کر ملک سے باہر چلے گئے۔