امریکی C-17فوجی طیارہ ملک بدرکیے104بھارتیوں کو لیکر امرتسرپہنچ گیا

امریکی C-17فوجی طیارہ ملک بدرکیے104بھارتیوں کو لیکر امرتسرپہنچ گیا
کیپشن: امریکی C-17فوجی طیارہ ملک بدرکیے104بھارتیوں کو لیکر امرتسرپہنچ گیا

ویب ڈیسک : امریکا سے 104 غیرقانونی بھارتی تارکین وطن پر مشتمل ایک امریکی فوجی طیارہ انڈیا کے صوبہ پنجاب کے شہر امرتسر کے گرو رویداس ایئر پورٹ پہنچ گیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسرے دورِ اقتدار میں امریکا میں مقیم انڈین افراد کی یہ پہلی ملک بدری ہے۔

امرتسر پہنچنے والے  بھارتی تارکین وطن کو ہتھکڑیاں لگا کر سی 17 میں بھارت بھیجا گیا ۔ اب ان افراد  کو جن کا پنجاب سےتعلق ہے پولیس کی گاڑیوں میں ان کے گاؤں لے جایا جائے گا۔ باقی ریاستوں کے لوگوں کو فلائٹ سے بھیجا جائے گا۔

میڈیا کو ایئرپورٹ کے اندر جانے کی اجازت نہیں لیکن صحافی ایئرپورٹ کے باہر ان لوگوں سے بات کر سکیں گے۔

اس سے قبل انڈیا کے معروف وکیل اور ایوان بالا کے رُکن کپل سبل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انڈین وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: ’ مودی جی، ٹرمپ 104 غیر قانونی تارکین وطن کو انڈیا واپس بھیج رہے ہیں۔ بظاہر انھیں انڈیا جانے والے طیارے میں بٹھانے سے پہلے ہتھکڑیاں لگائی گئی ہیں۔۔۔ مودی جی کچھ تو بولیے۔‘

انڈیا میں سوشل میڈیا پر امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ ساتھ انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور پوچھا جا رہا ہے کہ اُن کی ’ دوستی میں یہ کیسا مرحلہ آ گیا ہے۔‘

بہت سے صارفین انڈین تارکین وطن کو ہتھکڑیوں میں امریکا بدر کرنے پر بھی غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے گرما گرم بحث جاری ہے اور ’سی 17‘ ٹرینڈ کر رہا ہے جس کے تحت طرح طرح کے میمز بھی شیئر کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ انڈیا کے اس حلقے کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے جو ٹرمپ کی حمایت میں اور ان کی جیت کے لیے انڈیا میں پوجا پاٹ کروا رہے تھے اور اُن کی جیت کی دعائیں مانگ رہے تھے۔

Watch Live Public News