(ویب ڈیسک ) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ سے چین کے عظیم عوامی ایوان میں ملاقات کی، ملاقات سے قبل صدر مملکت کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔
چین کے عظیم عوامی ایوان میں آمد پر صدر شی جن پنگ صدر آصف علی زرداری کا پرتپاک استقبال کیا،چینی بچوں کے ایک گروپ نے بھی صدر مملکت کا شاندار استقبال کیا، ملاقات میں دونوں صدور نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر تبادلہ خیال کیا۔صدر مملکت اور چینی صدر کی ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی گفتگو کی گئی ۔
دونوں صدور نے دوطرفہ شراکت داری کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔اس کے علاوہ بنیادی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
صدر مملکت نے چین کے ساتھ سدابہار تزویراتی تعاون کی شراکت داری کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین منفرد، آزمودہ اور خصوصی تعلقات کو اجاگر کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ چین کی مثالی ترقی اور خوشحالی چینی قیادت کے وژن اور چینی عوام کی فعالیت کا مظہر ہے ۔انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت عالمی ترقی میں چین کے گہرے تعاون پر صدر شی جن پنگ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت باہمی طور پر سودمند تعاون کے تصور کی روشن مثال ہے۔
ملاقات کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری 2.0 کی اعلیٰ معیار کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاک چین اقتصاری راہدری سے علاقائی روابط ، مشترکہ فوائد اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہوگا۔ ملاقات میں مشترکہ مستقبل کی پاک - چین کمیونٹی مضبوط بنانے کیلئے عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں کی ضرورت پربھی زور دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے صدر شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت صدر شی جن پنگ کو ایک وژنری رہنما اور پاکستان کے خاص دوست کے طور پر انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ملاقات کے بعد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ تقریب میں سائنس اور ٹیکنالوجی، میڈیا، توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔
بعد ازاں، صدر شی جن پنگ نے صدر آصف علی زرداری اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔