یومِ یکجہتی کشمیر: صدر اور وزیراعظم کا مظلوم کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

یومِ یکجہتی کشمیر: صدر اور وزیراعظم کا مظلوم کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
کیپشن: یومِ یکجہتی کشمیر: صدر اور وزیراعظم کا مظلوم کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

ویب ڈیسک: یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یومِ یکجہتی کشمیر پر جاری اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے، جبکہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف ثابت قدمی اور جرات کی مثال قائم کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کا آغاز شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں ہوا تھا، اور کشمیری عوام کی قربانیاں عزم، حوصلے اور استقامت کی روشن علامت ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات نے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں روکنے پر مجبور کرے۔ صدر مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان ہر حال میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 فروری کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک حل طلب تنازع ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی ضامن ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث کشمیری عوام دہائیوں سے اپنے بنیادی حق، یعنی حقِ رائے شماری سے محروم ہیں، جبکہ مقبوضہ کشمیر آج بھی جبر، ظلم اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بھارتی اقدام غیر قانونی اور ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا، اور آزادی کی روشن سحر بالآخر کشمیری عوام کا مقدر بن کر رہے گی۔

Watch Live Public News