(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق ازبک صدر کو جدید دفاعی حل، صنعتی صلاحیتیں اور تکنیکی اختراعات سے آگاہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ازبکستان کے صدر شوکت مرزا ئیوف نے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سولیوشنز کا دورہ کیا۔ ازبک کابینہ کے اہم اراکین بھی صدر شوکت مرزایوف کے ساتھ تھے ۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سولیوشنز آمد پر ازبک صدر کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ازبک صدر کو گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سولیوشنز کے متنوع پورٹ فولیو پر بریفنگ دی گئی۔ازبک صدر کو جدید دفاعی حل، صنعتی صلاحیتیں اور تکنیکی اختراعات سے آگاہ کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ازبک وفد نے مختلف دفاعی مصنوعات کا مشاہدہ کیا، جو مقامی دفاعی پیداوار اور صنعتی ترقی میں پاکستان کی مہارت کی عکاس ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ازبک صدر کا دورہ دفاع، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔فریقین نے شراکت داری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ صدر شوکت مرزائیوف کا دورہ پاک ازبک تعلقات کے استحکام اور تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔