لاہور : صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بھی دھند اور بس دھند کا ہی راج ہے ، جس کی وجہ سے موٹرویز سمیت اہم شاہراہیں سفر کے لئے بند کر دی گئی ہیں ۔ ترجمان موٹر ویز پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور ملتان موٹر وے فیض پور سے رجانہ جب کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم الیون شدید دھند اور حد نگاہ انتہائی کم ہو جانے کے باعث بند کردی گئی ہے ۔ ترجمان کی جابب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈرائیور حضرات بھی تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں ، روڈ یوزرز معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں ۔ ترجمان نے بتایا کہ موٹر وے ایم ٹو لاہور سے اسلام آباد تک جب کہ موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک اور موٹر وے ایم فائیو کو بھی شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند کر دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب ، پیرمحل، جڑانوالہ ، جھنگ ، سانگلہ ہل، دیپالپور اور گردونواح کے علاقے بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے ۔