ویب ڈیسک: کراچی کے علاقہ بلدیہ رئیس گوٹھ سے دھماکا خیز مواد کی برآمدگی کا معاملہ، گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، متعدد افراد کو زیر حراست لے لیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں خواتین بھی شامل ہیں، دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان کراچی کے مختلف مقامات سے خریدا گیا۔
ہائی ایکسپلوزو انتہائی مہارت سے تیار کیا گیا تھا جسے ڈیفیوز کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، ڈیفیوز کرنے والے افسران نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ارد گرد کی آبادی کو بھی بچالیا ۔
دہشت گردی کے لیے کئی ماہ سے منصوبہ بندی جاری تھی ، دہشت گرد اپنے منصوبے کے تحت معاشی سرگرمیاں سبوتاژ کرنا چاہتے تھے ،شہر کے مخصوص علاقوں میں مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جارہی ہے ۔
گزشتہ روز موصول ہونے والی خبر کے مطابق منی ٹرک سے تقریباً 2000 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا،قریبی کمپاؤنڈ سے اضافی دیسی ساختہ بارودی مواد بھی ملا، بارودی مواد مبینہ طور پر کراچی میں دہشت گردی میں استعمال ہونا تھا ۔