(ویب ڈیسک) گوگل میپس جلد ایک ایسے نئے فیچر کے ساتھ سامنے آنے والا ہے جو اسے صرف نیوی گیشن ایپ نہیں بلکہ فوڈ آرڈرنگ پلیٹ فارم بھی بنا دے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل میپس کے اینڈرائیڈ ورژن کے تازہ کوڈ میں ایسے شواہد ملے ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ صارفین مستقبل میں ایپ کے اندر رہتے ہوئے کھانا آرڈر کر سکیں گے، حتیٰ کہ سفر کے دوران بھی یہ سہولت دستیاب ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق یہ نیا فیچر گوگل کے اے آئی سے چلنے والے "Ask Maps" سے منسلک ہوگا، جس کے ذریعے صارفین گفتگو کی صورت میں مختلف مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔ اسی ٹیکنالوجی کی مدد سے ریسٹورنٹس تلاش کرنے اور کھانے کا آرڈر دینے کا عمل بھی مزید آسان بنایا جا سکتا ہے۔
کوڈ میں موجود اشاروں سے معلوم ہوتا ہے کہ گوگل فوڈ آرڈرنگ کے لیے مخصوص بٹن اور ڈرائیو اپ (Drive-Up) سروس پر بھی کام کر رہا ہے، تاکہ صارفین آرڈر کیے گئے کھانے کو راستے میں ہی وصول کر سکیں۔
یاد رہے کہ گوگل نے چند ہفتے قبل اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں بھی عندیہ دیا تھا کہ گوگل میپس میں فوڈ آرڈرنگ کی سہولت متعارف کرائی جائے گی، تاہم کمپنی نے ابھی تک اس فیچر کی باضابطہ لانچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔