معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا رانا ثناءاللہ کو جواب

معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا رانا ثناءاللہ کو جواب

لاہور ( پبلک نیوز) خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فیصل آباد کا جواری حواری موالی آج بغض باطن کا مظاہرہ کرنے کیلئے نمودار ہوا۔ نوجوان نسل کو نشے کی لعنت میں لت پت کرنے والے حواری سے خیر کی کیا امید کی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جواری حواری اور کنیزیں ملکی ترقی پر حواس باختہ ہوچکے ہیں۔ این آر او میں ناکامی پر کرپٹ اپوزیشن ماری ماری پھر رہی ہے اور دشنام طرازیوں پر اتر آئی ہے۔ مافیا کو سیاسی موت سامنے نظر آرہی ہے ,اس لیے یہ میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہیں۔ ظل سبحانی جعلی شہزادے جعلی راجکماری اور انکے چیلوں کو سمجھ ہی نہیں آرہی کہ انکی برسوں کی "محنت" سے تباہ کی گئی معیشت کیسے اتنی جلدی اپنے پاؤں پر کھڑی ہو رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مافیا نے ملک و قوم اور معیشت کیساتھ جو کھلواڑ کیا کوئی دشمن بھی ایسے نہیں کرتا۔ مافیا سمجھ رہا تھا کہ تباہ حال معیشت وزیراعظم عمران خان ٹریک پر نہ لا سکیں گے اور ناکام ہوجائیں گے۔ ظل سبحانیوں ,جواریوں اور حواریوں کو معلوم ہی نہیں کہ عمران خان اپنی دھن اور وژن میں سچے اور پکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ہر چیلنج کو قبول کیا اور ہر حال میں کامیابی سمیٹی۔

انہوں نے مزید کہا ہے تباہ حال معیشت کو ٹریک پر صرف عمران خان جیسا دھن کا پکا اور ایماندار وزیراعظم ہی لا سکتا تھا۔ اب جبکہ ملکی معیشت ٹریک پر آچکی ہے مافیا کے طوطے اڑنا شروع ہوگئے ہیں۔ انکے دور میں بھی یہ ادارے معیشت کی جانچ پڑتال اور اعداوشمار دیتے تھے۔ انکے دور کے اعدادوشمار درست اور پی ٹی آئی حکومت کی معاشی ترقی کے اعداوشمار کیسے غلط ہوگئے۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا ہے اب تو عالمی معاشی ادارے بھی پاکستان کی معاشی ترقی اور مضبوط معیشت کا برملا اظہار کر رہے ہیں۔ اب قوم مضبوط ہوتی معیشت کے ثمرات سمیٹنے جا رہی ہے۔ مہنگائی سمیت عوامی مسائل سے جڑے تمام ایشوز حل ہونے جا رہے ہیں۔ دنیا بھر میں پٹرول کی قیمتیں زیادہ ہیں ,مگر پاکستان میں پھر بھی قیمتیں نہیں بڑھ رہی۔ اب پنجاب کا چپہ چپہ تبدیل ہونے جا رہا ہے۔پنجاب بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔ ن لیگ کے جواریوں نے مخصوص علاقوں کو نوازا ,اور خوب کک بیکس وصول کیے اور ڈٹ کر لوٹ مار کی۔ آئندہ بجٹ عوامی امنگوں کا محور اور ترجمان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اب جبکہ حالات بہتر ہونے جارہے ہیں ,تازہ تازہ بیدار ہونے والا لت پت شخص بغظ باطن اور منافقت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ رانا ثناءاللہ نے آج شہباز شریف کے دور کو یاد کیا اور بتایا کہ شہباز شریف نے کس طرح وزیراعلی ہاؤس کو لوٹ مار اور کرپشن کا گڑھ بنا دیا تھا۔ ظل سبحانی دوم حمزہ شہباز اور جواریوں حواریوں کی مٹھی گرم کیے بغیر ڈپٹی کمشنر سمیت کسی افسر کو اچھی پوسٹ ملنا ناممکن تھا۔ وزیراعلی ہاؤس میں صرف لوٹ مار کے منصوبے بنائے جاتے تھے۔ اب وزیراعلی ہاؤس عوامی خدمت کا مرکز و محور بن چکا ہے۔ اب وزیراعلی ہاؤس میں صرف عوامی مفادات کے منصوبے بنائے جاتے ہیں۔ مافیا جلتا کڑھتا رہے گا اور پی ٹی آئی حکومت عوامی خدمت کے مشن پر گامزن رہے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔