تحریک انصاف کا اسپیکر قومی اسمبلی کا مکمل بائیکاٹ، غیر ملکی وفود میں شرکت سے انکار

تحریک انصاف کا اسپیکر قومی اسمبلی کا مکمل بائیکاٹ، غیر ملکی وفود میں شرکت سے انکار
کیپشن: تحریک انصاف کا اسپیکر قومی اسمبلی کا مکمل بائیکاٹ، غیر ملکی وفود میں شرکت سے انکار

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کے بانی عمران خان نے اپنے پارلیمانی اراکین کو اسپیکر کی زیر قیادت سرکاری وفود کا حصہ بننے سے روک دیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایت پر کوئی بھی رکن قومی اسمبلی اب اسپیکر کے ہمراہ کسی بیرونِ ملک دورے میں شریک نہیں ہوگا، نہ ہی اسپیکر کی جانب سے مدعو کردہ کسی سرکاری تقریب یا اجلاس میں شرکت کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی جانب سے یہ فیصلہ اسپیکر کے کردار پر تحفظات کے باعث کیا گیا ہے، اور اس حوالے سے تمام پارلیمانی اراکین کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم، صرف قومی اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی سطح پر رابطہ رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ حالیہ سیاسی تناؤ اور اعتماد کے فقدان کے باعث پی ٹی آئی نے پارلیمانی سطح پر حکومتی قیادت سے فاصلہ اختیار کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے، جس کا یہ اقدام تسلسل ہے۔

Watch Live Public News