ویب ڈیسک: یوٹیوب نے حالیہ ایپ اپ ڈیٹ کے بعد متعدد پرانے آئی فونز پر اپنی ویڈیو شیئرنگ سروس کی سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد iOS 16 سے پرانے سسٹمز پر یوٹیوب ایپ چلانا ممکن نہیں رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق اب صرف وہی آئی فون ڈیوائسز یوٹیوب ایپ کو استعمال کر سکیں گی جو iOS 16 یا اس سے جدید ورژن پر چلتی ہوں۔ اس فیصلے سے متاثر ہونے والے ماڈلز میں iPhone 6s، 6s Plus، iPhone 7، 7 Plus اور پہلی جنریشن کا iPhone SE شامل ہیں۔
ان ڈیوائسز پر نہ صرف ایپ انسٹال یا اپڈیٹ کرنا ممکن نہیں رہے گا، بلکہ موجودہ ایپ بھی کام کرنا بند کر دے گی۔ تاہم، یوٹیوب تک رسائی موبائل براؤزر کے ذریعے ممکن ہوگی، لیکن صارفین آف لائن ویڈیوز سمیت کئی فیچرز سے محروم رہیں گے۔
یوٹیوب کی جانب سے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب حال ہی میں ایپل نے آفیشلی iPhone 6 کو متروک قرار دیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اسے کسی بھی قسم کی سیکیورٹی یا سسٹم اپڈیٹس نہیں ملیں گی۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یوٹیوب سے قبل واٹس ایپ نے بھی 1 جون سے iOS 15.1 سے پرانے سسٹمز کے لیے سپورٹ بند کر دی ہے، جس کے بعد ان پر واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں رہا۔
ٹیک ماہرین کے مطابق ان کمپنیوں کا مقصد جدید فیچرز کو بہتر طریقے سے متعارف کرانا ہے، جو صرف نئے اور طاقتور ہارڈ ویئر پر ہی ممکن ہوتا ہے۔