بھارت میں آج صرف ایک نام گونج رہا ہے اور وہ ہے بلاول بھٹو زرداری: شرجیل انعام میمن

بھارت میں آج صرف ایک نام گونج رہا ہے اور وہ ہے بلاول بھٹو زرداری: شرجیل انعام میمن

ویب ڈیسک: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری   کا  بین الاقوامی دورہ،  پاکستان کا جرأت مندانہ موقف پیش کرنے پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے خراج  تحسین ، کہا کہ آج بھارت میں صرف  ایک ہی نام گونج رہا ہے اور وہ ہے بلاول بھٹو زرداری۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو  نے  مسئلہ کشمیر سے لے کر مسئلہ فلسطین تک پاکستان کا  موقف دوٹوک انداز میں پیش کیا، صرف پاکستان ہی نہیں بلاول بھٹو زرداری پورے خطے کے لئے  امید کی کرن ہیں،بین الاقوامی فورم پر بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کا مؤقف جس دلیری، فہم و فراست اور سیاسی تدبر سے پیش کیا، وہ قابل تحسین ہے۔

بلاول بھٹو نے واضح الفاظ میں اقوام عالم کو باور کروایا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو عالمی دنیا کے سامنے نہایت اعتماد اور دلیل کے ساتھ پاکستان کا بیانیہ واضح کرے، بلاول بھٹو نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم امن کے لئے ہمسایہ ممالک سے بامقصد مذاکرات کے خواہاں ہیں۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم  پر چیئرمین بلاول بھٹو نے  نہ صرف کشمیری عوام کی آواز بلند کی بلکہ بھارتی جنگی جارحیت کے خلاف بھرپور سفارتی دفاع بھی کیا۔

چیئرمین بلاول  بھٹو نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ کشمیر محض سرحدی تنازعہ نہیں ، لاکھوں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور انسانی حقوق کا معاملہ ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بصیرت اور سفارتی صلاحیت ظاہر کرتی ہے کہ وہ پاکستان کے روشن اور خوددار مستقبل کی ضمانت ہیں۔ 

 بلاول  بھٹو زرداری عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کے بہترین نگہبان  ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی قیادت، بین الاقوامی بصیرت اور جمہوری سوچ سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ  ہی ذوالفقار علی بھٹو شہید و محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی میراث کا تسلسل ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی قیادت، ویژن اور فہم و فراست دراصل بھٹو ازم کا تسلسل ہے، پیپلز پارٹی کے کارکنان سمیت ملک بھر کے عوام کو ان پر فخر ہے۔

Watch Live Public News