ویب ڈیسک: پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز 1-2 سے جیت لی۔ قومی ٹیم نے 158 رنز کا ہدف 42ویں اوور میں حاصل کرکے سیریز اپنے نام کی۔
میچ میں پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو محض 157 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو کامیابی کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا۔ میزبان ٹیم کے کپتان جوش انگلس 65 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ مارنس لیبوشین اور ایلکس کیری نے 19، 19 رنز اسکور کیے۔ ایڈم زمپا 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ابرار احمد اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف کے حصے میں بھی ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کو بھی مشکلات کا سامنا رہا، تاہم بابر اعظم نے 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔ معاذ صداقت نے 27 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ اختتامی لمحات میں عبدالصمد اور شاداب خان نے ساتویں وکٹ کے لیے 49 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے پاکستان کو یادگار فتح دلائی۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے 42 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز برابر کر دی تھی۔ تاہم گرین شرٹس نے فیصلہ کن مقابلے میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کر لی۔