ویب ڈیسک: وفاقی حکومت آج پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حالیہ پالیسی کے تحت حکومت اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ 15 روز کے بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر لے رہی ہے۔ اسی سلسلے میں آج رات وزارتِ خزانہ نظرِ ثانی شدہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی تیل منڈی میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرول کی قیمت میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 34 سے 35 روپے فی لیٹر تک بڑھ سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق قیمتوں میں مجوزہ ردوبدل بین الاقوامی خام تیل کی قیمتوں اور درآمدی لاگت کے تناظر میں تجویز کیا گیا ہے، تاہم حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد سامنے آئے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔ اس وقت پیٹرول کی قیمت 381.78 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 380.78 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
وزارتِ خزانہ وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔