سیاست کو ختم کرنا ہے اور 11 کھلاڑیوں کو اکٹھا کرنا ہے ، چیئرمین پی سی بی 

سیاست کو ختم کرنا ہے اور 11 کھلاڑیوں کو اکٹھا کرنا ہے ، چیئرمین پی سی بی 

(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ   محسن نقوی نے کہا ہے کہ سیاست کو ختم کرنا ہے اور 11 کھلاڑیوں کو اکٹھا کرنا ہے، 11 کھلاڑی اکٹھے ہو کر میدان میں اتریں گے تو کامیابی ملے گی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے  اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں نے  ملاقات کی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی فرد فردا ہر کھلاڑی کی نشت پر گئے ، کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا ۔

  چیئرمین پی سی بی محسن نقوی  نے پاکستانی کھلاڑیوں سے اہم خطاب  کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ  کسی نے غلط کیا ہے یا صحیح،  تنقید نہیں کرنا چاہتا۔ہم سب کا ایک ہی مشن ہے اور وہ  ہے جیتنا۔  ہم جیت سکتے ہیں اور جیت اس وقت ممکن ہے جب سب اکٹھے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ  اب ٹیم میں تمام کھلاڑی میرٹ پر آئیں گے، اب فلاں کا بندہ یا فلاں کی مرضی نہیں چلے گی۔ اچھے کھلاڑیوں کو ٹیم میں آنے کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی ہمارے سٹارز ہیں۔ ہر میدان میں نشیب و فراز آتے ہیں۔ پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ  ٹیم سلیکشن میرٹ پر ہو گی۔  ہال میں موجود تمام کھلاڑی پاکستانی ٹیم کے لئے کوالیفائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ بڑے مقصد کے لیے  قربانی دینا پڑتی ہے۔  کھلاڑی پہلے پاکستان کو ترجیح دیں۔ آمدن دوسری ترجیح ہونی چاہیے ۔ کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔  

ان کا  کہنا تھا کہ سیاست کو ختم کرنا ہے اور 11 کھلاڑیوں کو اکٹھا کرنا ہے ۔  11 کھلاڑی اکٹھے ہو کر میدان میں اتریں گے تو کامیابی ملے گی۔ میچ ہار بھی جائیں تو کوئی غم نہیں لیکن فائٹ کرکے ہاریں۔  پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے اور لڑ کر ہارنے پر کوئی ندامت نہیں ہوتی۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ  کھلاڑیوں کی فٹنس پر  فوکس کیا جائیگا۔  نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان آرہی ہے، ہم نے انگلینڈ، آئر لینڈ اورامریکہ جانا ہے۔ ٹریننگ کے لئے وقت نکالنا مشکل تھا تاہم 25سے 8 تک کاکول میں کیمپ لگے گا۔ 

چیئرمین پی سی بی نے کہا  کہ  میں آپ سب کے لئے ہر وقت حاضر ہوں۔  کھلاڑی جب چاہیں مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں، میرے دروازے آپ کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔  کرکٹ اکیڈمی کو بہتر بنایا جائے گا۔ سٹیڈٹیمز کو اپ گریڈ کریں گے۔ کرکٹ بورڈ کے پاس جتنے پیسے ہیں کھلاڑیوں پر لگائے جائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ  قذافی سٹیڈیم لاہور اور نیشنل سٹیڈیم کراچی کے قریب 5سٹار ہوٹل کے حوالے سے تیاری کی جارہی ہیں۔  کوچنگ اسٹاف کی تقرری کے لیے رابطے میں ہیں اور بہترین دستیاب افراد کو کوچنگ اسٹاف میں تعینات کیا جائے گا۔

چیف سلیکٹر وہاب ریاض،  چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور پی سی بی کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔