چیئرمین پی سی بی کا اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا دائرہ کار گلگت سے گوادر تک پھیلانے کا فیصلہ

چیئرمین پی سی بی کا اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا دائرہ کار گلگت سے گوادر تک پھیلانے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر گراس روٹ لیول سے نیا اور باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے لانے کے لیے اسکول کرکٹ کا دائرہ کار ملک بھر میں وسیع پیمانے پر پھیلانے کا باضابطہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال کی شاندار کامیابی کے بعد پی سی بی اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے رواں سال کے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز 19 ستمبر سے ہو رہا ہے۔

پروگرام کے تحت گلگت سے لے کر گوادر تک مختلف علاقوں کے تعلیمی ادارے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ کا حصہ بنیں گے۔رواں سال ملک بھر کے 100 اضلاع کے 1,400 اسکولوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 21,000 طلبہ میدان میں اتریں گے۔ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے درمیان مجموعی طور پر 2,895 میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے سیزن کے افتتاحی میچ میں دو روایتی حریف اسکولوں "بیکن ہاؤس" اور "ایچیسن کالج" کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس دوپہر 1:30 بجے ہوگا جبکہ میچ کا باقاعدہ آغاز دوپہر 2:00 بجے کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے اور ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

افتتاحی میچ کے اختتام پر پی سی بی نے شائقین اور طلبہ کے لیے ایک خصوصی میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام کیا ہے، جس میں معروف عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔نوجوانوں اور شائقینِ کرکٹ کی بھرپور حوصلہ افزائی کے لیے پی سی بی نے افتتاحی مقابلے اور میوزیکل کنسرٹ کے لیے قذافی اسٹیڈیم میں عوام کا داخلہ بالکل مفت رکھا ہے۔

پی سی بی کے مطابق اس میگا پروجیکٹ کا بنیادی مقصد اسکول کی سطح پر چھپے خام ٹیلنٹ کی نشاندہی کرنا، نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے یکساں مواقع فراہم کرنا اور گراس روٹ لیول پر ملکی کرکٹ کی بنیاد کو مستحکم کرنا ہے۔

Watch Live Public News