ویب ڈیسک: پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی خلیجی ممالک کے سفارتی مشن کے دوسرے مرحلے میں آج قطر پہنچیں گے، جہاں وہ اعلیٰ قطری حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق محسن نقوی اپنے قطری ہم منصب اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کر کے پاکستان کا اصولی مؤقف پیش کریں گے۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور خطے میں امن و استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ اس سے قبل عمان کے دورے پر گئے تھے، جہاں انہوں نے مسقط میں عمانی وزیر داخلہ سید حمود بن فیصل البوسیدی سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر بھی محسن نقوی نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی اور خطے کی صورتحال پر پاکستان کا موقف واضح کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ موجودہ کشیدگی میں الزامات کا تبادلہ حالات کو مزید خراب کر رہا ہے، اور اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ امن کے لیے سنجیدہ اور متوازن سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے۔