ویب ڈیسک: مودی سرکار پہلگام فالس فلیگ میں ناکامی کے بعد شدید بوکھلاہٹ کا شکار، پاکستان کی معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھارت میں بلاک کر دیا ۔ جس پر بھارتی مداحوں میں شدید مایوسی اور غصے کی فضا دیکھنے میں آ رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق جب بھارتی صارفین عابدہ پروین کا انسٹاگرام پروفائل کھولنے کی کوشش کرتے ہیں تو ایک پیغام سامنے آتا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ "یہ اکاؤنٹ قانونی درخواست کے تحت بھارت میں دستیاب نہیں ہے"۔ البتہ وی پی این استعمال کرنے والے صارفین اب بھی ان کا اکاؤنٹ دیکھ سکتے ہیں۔
یہ اقدام مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ واقعے کے بعد بھارت میں پاکستانی شخصیات پر بڑھتی ہوئی آن لائن پابندیوں کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی متعدد پاکستانی فنکاروں، صحافیوں اور اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات کے اکاؤنٹس کو بھارت میں محدود کیا جا چکا ہے۔
عابدہ پروین نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت، بنگلہ دیش، مشرق وسطیٰ اور مغربی ممالک میں بھی لاکھوں مداح رکھتی ہیں، اور ان کے صوفیانہ کلام کو سرحدوں سے بالاتر مانا جاتا ہے۔ بھارتی مداحوں نے سوشل میڈیا پر اس فیصلے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے فن، ثقافت اور روحانی موسیقی کی آزادی پر حملہ قرار دیا ہے۔