ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی حالیہ جارحانہ پالیسیوں اور بیانات سے خطے کے امن اور استحکام کو سنجیدہ خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایوانِ صدر میں چین کے سفیر چیانگ زئے ڈونگ سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور خصوصاً پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والے تناؤ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
صدر زرداری نے بھارت کی غیر ذمہ دارانہ رویے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، مگر بھارتی حکومت کے اقدامات امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے مشکل حالات میں چین کی طرف سے مسلسل حمایت اور یکجہتی پر شکریہ بھی ادا کیا۔
چینی سفیر چیانگ زئے ڈونگ نے اس موقع پر پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کو "آہنی برادری" سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، خاص طور پر مشکل گھڑیوں میں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین، جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر فورم پر اس کے مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔
چینی سفیر نے صدرِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور اعتماد کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔