سال کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون آج شام آسمان پر جلوہ گر ہوگا

سال کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون آج شام آسمان پر جلوہ گر ہوگا
کیپشن: سال کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون آج شام آسمان پر جلوہ گر ہوگا

ویب ڈیسک: آج شام سال کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون آسمان پر اپنی خوبصورتی بکھیرے گا، جو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

ماہرین کے مطابق سپر مون اُس وقت بنتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے سب سے قریب فاصلے پر پہنچ جاتا ہے اور اسی دوران مکمل چاند (فل مون) کا مرحلہ ہوتا ہے۔ اس موقع پر چاند عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے۔

سپارکو کے ترجمان کے مطابق یہ سال کے تین سپر مونز میں سے دوسرا سپر مون ہوگا، جو اپنے حجم اور روشنی میں غیر معمولی اضافہ لیے ہوئے ہوگا۔

ترجمان نے بتایا کہ شام 6 بج کر 19 منٹ پر چاند اپنی روشنی کے عروج پر ہوگا اور زمین سے اس کا فاصلہ 221,817 میل رہ جائے گا۔ اس دوران چاند معمول کے مقابلے میں تقریباً 9.7 فیصد بڑا اور 16 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔

سپارکو کے مطابق پاکستان میں چاند طلوع ہوتے ہی یہ شاندار منظر بخوبی دیکھا جا سکے گا۔

یہ قدرتی مظہر نہ صرف فلکیات کے شائقین بلکہ عام عوام کے لیے بھی دلچسپی اور مسحور کن نظارہ پیش کرے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق، چونکہ پاکستان میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ آسمان نسبتاً صاف رہتا ہے، اس لیے سپر مون کا مشاہدہ زیادہ واضح اور دلکش ہوگا۔
شہروں کی روشنیوں سے دور دیہی یا کھلے مقامات پر یہ منظر سب سے بہترین طور پر دیکھا جا سکے گا۔

یاد رہے کہ یہ سال 2025 کا دوسرا سپر مون ہے، جبکہ تیسرا اور آخری سپر مون دسمبر میں دکھائی دے گا۔

Watch Live Public News