ویب ڈیسک: برطانیہ کے معروف فٹبالر اور عالمی شہرت یافتہ شخصیت ڈیوڈ بیکہم کو بالآخر بادشاہ کی جانب سے ملک کے اعلیٰ ترین شاہی اعزاز ’نائٹ ہُڈ‘ (Knighthood) سے نوازا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ونڈسر کیسل میں ہونے والی پُروقار تقریب میں 50 سالہ بیکہم کو فٹبال اور برطانوی معاشرے کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ اور معروف فیشن ڈیزائنر وکٹوریہ بیکہم بھی موجود تھیں۔
اس اعزاز کے بعد بیکہم اب باضابطہ طور پر "سر ڈیوڈ بیکہم" کہلائیں گے۔
Arise, Sir David Beckham. ✨
— The Royal Family (@RoyalFamily) November 4, 2025
This morning at Windsor Castle, The King presented Sir David Beckham with a Knighthood for Services to Sport and to Charity. pic.twitter.com/BpRQJ1lIJG
تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سر ڈیوڈبیکہم نے کہا کہ وہ اس لمحے پر بے حد فخر محسوس کر رہے ہیں۔
ان کے بقول، "لوگ میری حب الوطنی سے واقف ہیں۔ میری فیملی کے لیے بادشاہت ہمیشہ بہت اہم رہی ہے اور جب میں دنیا بھر میں سفر کرتا ہوں تو لوگ ہماری بادشاہت کے بارے میں بات کرتے ہیں، یہ میرے لیے باعثِ فخر ہے۔"
دلچسپ بات یہ ہے کہ وکٹوریہ بیکہم نے اس تاریخی موقع کے لیے اپنے شوہر کا سوٹ خود ڈیزائن کیا، جس سے اس لمحے کو ایک ذاتی اور جذباتی رنگ دیا۔
Sir David Beckham has received a knighthood at Windsor Castle pic.twitter.com/VPqpZVinNF
— ESPN FC (@ESPNFC) November 4, 2025
ڈیوڈ بیکہم نے بطور انگلینڈ فٹبال ٹیم کے کپتان بین الاقوامی شہرت حاصل کی اور مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور ایل اے گلیکسی جیسے بڑے کلبز کے لیے شاندار کارکردگی دکھائی۔
2023 میں ان کی نیٹ فلکس سیریز "بیکہم" دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوئی، جو ان کی اپنی پروڈکشن کمپنی اسٹوڈیو 99 کے بینر تلے تیار کی گئی تھی، جبکہ رواں سال وکٹوریہ بیکہم کی تین حصوں پر مشتمل سیریز بھی ریلیز ہوئی۔
بیکہم اپنی فلاحی سرگرمیوں کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔ وہ یونیسف کے ساتھ طویل عرصے سے وابستہ ہیں اور 2024 میں کنگز فاؤنڈیشن کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ بیکہم 2022 میں اُس وقت بھی خبروں کی زینت بنے تھے جب انہوں نے ملکہ الزبتھ دوم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے 12 گھنٹے طویل قطار میں کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کیا تھا۔
اس اعزاز کے ساتھ، ڈیوڈ بیکہم نہ صرف کھیلوں کی دنیا میں بلکہ برطانوی تاریخ میں بھی ایک نیا سنگ میل عبور کر چکے ہیں۔