ای چالان سسٹم سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا 

ای چالان سسٹم سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا 

(ویب ڈیسک ) جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے فیس لیس ٹکٹنگ سسٹم ( ای چالان ) کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے سندھ ہائیکورٹ میں اپنے وکیل کے توسط سے درخواست دائر کردی ہے ۔جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خودکارنظام کے تحت خلاف ورزی پر گاڑی کے مالک کو ای چالان بھیجے جارہے ہیں، اس سے قطع نظر کہ گاڑی کون چلا رہا تھا یا خلاف ورزی کس نے کی؟

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سڑکوں کے انفراسٹرکچر اور گاڑیوں کی ملکیت کی تصدیق کے بغیر ہی نظام نافذ کر دیا گیا، ای چالان کی رقم میں ہزار گنا اضافہ کیا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لائسنس معطلی یا شناختی کارڈ بلاک غیر قانونی اقدام ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں بہت سی گاڑیاں اوپن لیٹر پر چل رہی ہیں،ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ میں گاڑی کے پرانے مالکان کا ریکارڈ موجود ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر نہ زیبرا کراسنگ موجود ہے اور نہ ہی اسپیڈ لمٹ کے سائن بورڈ۔ شہر کی خراب سڑکیں شہریوں کو متبادل یا غلط راستے اپنانے پر مجبور کرتی ہیں۔

منعم ظفر نے اپنی درخواست میں کہا کہ 30 سے 40 ہزار ماہانہ کمانے والے کس طرح بھاری جرمانے ادا کر سکتا ہے؟

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ای چالان اور جرمانوں کو معطل کیا جائے، انفرااسٹرکچر کے بغیر اے آئی کے چالان کا نظام غیر قانونی قرار دیا جائے، بھاری جرمانوں کو شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک قرار دیا جائے۔

Watch Live Public News