حماس نے معاہدہ نہ مانا تو حملے تیز ہوں گے:نیتن یاہو کا انتباہ

حماس نے معاہدہ نہ مانا تو حملے تیز ہوں گے:نیتن یاہو کا انتباہ
کیپشن: حماس نے معاہدہ نہ مانا تو حملے تیز ہوں گے:نیتن یاہو کا انتباہ

ویب ڈیسک: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ اگر فلسطینی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کو قبول نہ کیا تو غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں مزید شدت اختیار کریں گی۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی وفد مصر کے دارالحکومت قاہرہ روانہ ہوگا تاکہ مجوزہ جنگ بندی معاہدے کی تفصیلات اور ٹائم لائن طے کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حماس کے پاس اس معاہدے کو قبول کرنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔

نیتن یاہو نے زور دیا کہ حماس کو غیر مسلح کیا جانا ناگزیر ہے، چاہے یہ عمل سفارتی مذاکرات کے ذریعے ہو یا عسکری طاقت کے ذریعے۔ ان کے مطابق، اس بارے میں امریکا کو بھی واضح پیغام دے دیا گیا ہے۔

ادھر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ 20 نکاتی امن منصوبے کو بڑی حد تک تسلیم کر لیا ہے، تاہم بعض نکات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ حماس نے منصوبے میں برطانوی سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کے ممکنہ کردار کو مسترد کر دیا ہے۔

مصری میڈیا کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان بالواسطہ مذاکرات آج اور کل ہوں گے، جن میں یرغمالیوں کی رہائی سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حماس کو خبردار کیا ہے کہ فوری فیصلہ نہ کیا گیا تو تمام شرائط واپس لے لی جائیں گی۔

غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں، اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 66 فلسطینی شہید اور 265 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

Watch Live Public News