ویڈیو: لگژری یاٹ اپنے پہلے ہی سمندری آزمائشی سفر کے چند منٹ بعد ڈوب گئی

ویڈیو: لگژری یاٹ اپنے پہلے ہی سمندری آزمائشی سفر کے چند منٹ بعد ڈوب گئی

ویب ڈیسک: تقریباً 10 لاکھ ڈالر مالیت سے تیاری کی گئی لگژری یاٹ اپنے پہلی ہی سمندری آزمائشی سفر کے صرف 15 منٹ بعد ترکی کے ساحل کے قریب ڈوب گئی، جہاز میں سوار عملے نے وقت ضائع کئے بغیر سمندر میں چھلانگ لگا دیں، واقعہ کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی۔

وائرل ہونے والی خوفناک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ’ ڈولچے وینٹو ‘ نامی یہ یاٹ ترکی کے شمالی علاقے زونگولڈاک کے ضلع ایریغلی کے ساحل پر پانی میں اترتی ہے، پھر یکدم ایک طرف جھک جاتی ہے اور آہستہ آہستہ سمندر کی گہرائیوں میں ڈوب جاتی ہے۔

یہ تقریباً 85 فٹ لمبی یاٹ تھی، جس کی مالیت تقریباً 9 لاکھ 40 ہزار ڈالر تھی، اور اسے استنبول سے مالک تک پہنچانے کے بعد پہلی بار لانچ کیا گیا تھا۔

یاٹ کے مالک، کیپٹن اور دو عملے کے ارکان نے سمندر میں چھلانگ لگا کر جان بچائی اور وہ  تیرتے ہوئے کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، کوسٹ گارڈ اور بندرگاہ کی ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر کشتی کے اردگرد حفاظتی حصار قائم کر دیا۔

جہاز ساز ادارے کے حکام کا کہنا تھا کہ یاٹ کے ڈوبنے کی وجہ کی تحقیقات جاری ہیں اور یاٹ کا تکنیکی معائنہ کیا جائے گا تاکہ اصل صورتحال معلوم ہو سکے۔

Watch Live Public News