ویب ڈیسک: پاکستان کے مختلف شہروں میں بدھ کی شب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جنہوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے ساتھ ساتھ پشاور، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، صوابی اور سوات سمیت کئی علاقوں میں جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔
مقامی افراد کے مطابق زلزلے کے دوران گھروں اور عمارتوں میں ہلچل پیدا ہوگئی، جس پر شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز نے بتایا ہے کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 111 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور پاکستان کی سرحدی پٹی پر واقع ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا گیا ہے، جو ماضی میں بھی متعدد تباہ کن زلزلوں کا مرکز رہا ہے۔
تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم انتظامیہ نے ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کر دیا ہے۔ ریسکیو اداروں کے اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنے کے لیے تیار رہیں۔ اسپتالوں اور دیگر اداروں کو بھی احتیاطی اقدامات پر عمل کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق 100 کلومیٹر سے زیادہ گہرائی والے زلزلے عام طور پر سطح زمین پر بڑے پیمانے پر تباہی نہیں مچاتے لیکن وسیع علاقے میں محسوس کیے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ جھٹکے ملک کے کئی شہروں میں محسوس ہوئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خطے میں بار بار زلزلے آنے کی اطلاعات ملی ہیں، جس کی وجہ سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زلزلے کے دوران پرسکون رہیں، کھلے میدان یا محفوظ مقامات پر منتقل ہوں اور افواہوں سے گریز کریں۔