پنجاب حکومت نے آٹے اور روٹی کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

پنجاب حکومت نے آٹے اور روٹی کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا
کیپشن: پنجاب حکومت نے آٹے اور روٹی کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے آٹے اور روٹی کی نئی سرکاری قیمتیں مقرر کر دی ہیں اور واضح کیا ہے کہ مقررہ نرخوں سے کسی قسم کا اضافہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 905 روپے اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1810 روپے مقرر کر دی ہے۔ اسی طرح روٹی کی نئی سرکاری قیمت 14 روپے فی پیس مقرر کی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ اقدام عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر سیلاب کی آڑ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھانے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم حکومت نے سختی سے فیصلہ کیا ہے کہ ایسی کسی بھی روش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کے مفاد میں عملی اقدامات کر رہی ہے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آٹے اور روٹی کی نئی قیمتوں سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور یہ عوام اور میڈیا کے ساتھ شیئر بھی کیا جا چکا ہے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کروائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔

عظمیٰ بخاری نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں آٹا یا روٹی مقررہ نرخ سے زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہو تو اس کی اطلاع فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا کنٹرول روم کو دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں مہنگائی کے دباؤ کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں اور ایسے میں پنجاب حکومت کی جانب سے قیمتوں کو قابو میں رکھنے کا یہ اقدام عوامی ریلیف کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News