پشاور پولیس کی کارروائی، ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے والی خواتین گرفتار

پشاور پولیس کی کارروائی، ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے والی خواتین گرفتار
کیپشن: پشاور پولیس کی کارروائی، ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے والی خواتین گرفتار

ویب ڈیسک: پشاور پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے اور پھیلانے کے الزام میں دو خواتین کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق کارروائی تھانہ شاہ پور کی حدود میں لیڈیز پولیس کی مدد سے کی گئی، جس کے دوران دونوں خواتین کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق خواتین پر الزام ہے کہ وہ ٹک ٹاک پر ایسے ویڈیوز تیار کر رہی تھیں جو معاشرتی اقدار کے خلاف اور نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کا باعث بن رہی تھیں۔ ابتدائی طور پر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

اس حوالے سے پشاور کے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ معاشرتی برائیوں، بے راہ روی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس کا مقصد نوجوانوں کو ایسے عناصر سے بچانا ہے جو سوشل میڈیا کے ذریعے منفی رجحانات کو فروغ دیتے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نظر رکھی جا رہی ہے، اور جہاں بھی معاشرتی اقدار کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیاں سامنے آئیں گی، وہاں فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے مواد کی نشاندہی کریں جو معاشرے میں بگاڑ کا باعث بن رہا ہے تاکہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا ایپس پر غیر اخلاقی ویڈیوز اور مواد اپلوڈ کرنے کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں۔ پولیس اور دیگر ادارے بارہا خبردار کر چکے ہیں کہ یہ رجحانات نہ صرف نوجوان نسل کو گمراہ کرتے ہیں بلکہ معاشرتی اور خاندانی نظام پر بھی منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔

Watch Live Public News