برطانوی نائب وزیر اعظم نے استعفیٰ دے دیا

برطانوی نائب وزیر اعظم نے استعفیٰ دے دیا

(ویب ڈیسک ) اینجیلا رینر نے ہاؤسنگ سیکریٹری اور نائب وزیرِاعظم کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے، دو روز قبل نائب وزیر اعظم نے انکشاف کیا کہ انہوں نےہوو (Hove) میں واقع اپنے 8 لاکھ پاؤنڈ مالیت کے فلیٹ پر اسٹامپ ڈیوٹی پوری ادا نہیں کی تھی۔

خیال رہے کہ ان کا استعفیٰ اُس وقت آیا جب برطانوی  وزیرِاعظم کے اخلاقی مشیر کی جانب سے ان کے ٹیکس معاملات پر رپورٹ شائع ہونے والی ہے۔

واضح رہے کہ  اینجیلا  رینر 2015 سے لیبر پارٹی کی فرنٹ بینچ پر تھیں اور جولائی 2024 میں لیبر پارٹی کی عام انتخابات میں فتح کے بعد انہیں حکومت میں یہ دو بڑے عہدے سونپے گئے تھے۔

ان کے استعفیٰ سے حکومت کے اعلیٰ سطح پر ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے، خاص طور پر نائب وزیرِاعظم کی حیثیت سے اور ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ میں ان کی اس کلیدی ذمہ داری میں، جس کے تحت لیبر پارٹی نے موجودہ پارلیمانی مدت کے اختتام تک 15 لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل  اینجیلا رینر نے تسلیم کیا کہ مشرقی سسیکس میں فلیٹ خریدتے وقت اُن سے مکمل ٹیکس ادا نہیں ہو سکا، تاہم انہوں نے کہا کہ یہ ایک "غلطی" تھی جو اُنہیں دی گئی قانونی مشاورت کی وجہ سے ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایچ ایم آر سی (برطانیہ کا ٹیکس ادارہ) سے رابطہ کیا ہے تاکہ وہ اضافی ٹیکس کی رقم کا تعین کر سکیں جو انہیں ادا کرنی ہے، اور انہوں نے وزیرِاعظم کے اخلاقی مشیر سر لاری میگنس کو خود کو تحقیقات کے لیے پیش بھی کر دیا ہے۔

Watch Live Public News