ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ ای بائیک اسکیم کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کو جعلی ویب سائٹس اور غیر سرکاری لنکس سے محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
حکام کے مطابق ای بائیک اسکیم کا آن لائن پورٹل فی الحال غیر فعال ہے، جس کے باعث طلبہ اور دیگر اہل افراد اس وقت رجسٹریشن نہیں کراسکتے۔ اس اسکیم کا مقصد طلبہ کو آسان فنانسنگ کے ذریعے موٹر سائیکل، خصوصاً الیکٹرک بائیکس، فراہم کرنا ہے۔ سرکاری معلومات کے مطابق عموماً 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طلبہ، جو ایچ ای سی سے تسلیم شدہ کالج یا یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ہوں اور موٹر سائیکل کا لرنر پرمٹ یا ڈرائیونگ لائسنس رکھتے ہوں، اسکیم کے لیے اہل قرار دیے جاتے ہیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن اور اسکیم سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری آن لائن پورٹل استعمال کیا جائے۔ طلبہ کسی غیر سرکاری ویب سائٹ یا لنک پر اپنا شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر، بینکنگ تفصیلات یا دیگر ذاتی معلومات ہرگز درج نہ کریں۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن دوبارہ شروع ہونے سے متعلق باضابطہ اعلان پنجاب حکومت کے سرکاری ذرائع سے کیا جائے گا، اس لیے طلبہ غیر مصدقہ اطلاعات پر اعتماد کرنے سے گریز کریں۔