(ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)10 کے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے سابق کپتان سرالیسٹرکک پہلی بار پی ایس ایل کمنٹری پینل کا حصہ ہونگے۔ کمنٹری پینل میں مارک نکولس، ڈومینک کارک، جے پی ڈومینی، مائیک ہیزمین، مارٹن گپٹل اور اطہرعلی خان شامل ہیں۔
دو بار کی ویمنز ورلڈ کپ فاتح آسٹریلوی خاتون کرکٹر لیزا اسٹالکر بھی پہلی بار پی ایس ایل میں کمنٹری کریں گی۔پاکستان کے چار سابق کپتان رمیز راجہ، وسیم اکرم، وقاریونس اور عامر سہیل کے علاوہ بازید خان ،عروج ممتاز، سکندر بخت پی ایس ایل کمنٹری پینل میں شامل ہیں۔
پی ایس ایل اردو کمنٹری پینل میں طارق سعید، علی یونس،عقیل ثمر ،مرینہ اقبال اور سلمان بٹ شامل ہیں۔ایرن ہالینڈ اور زینب عباس میچوں کے دوران پریزینٹرز ہونگی۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی دنیا کے بڑے ناموں کی کمنٹیٹرز کے طور پر موجودگی سے کوریج کا بہترین معیار نظر آئے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ 10 کا آغاز 11 اپریل کو ہوگا۔پی ایس ایل کا افتتاحی میچ 11 اپریل کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم افتتاحی میچ سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ قذافی اسٹیڈیم 18 مئی کو ہونے والے فائنل سمیت 13 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
کراچی اور ملتان 5،5 میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ پشاور میں 8 اپریل کو نمائشی میچ کا انعقاد کیا جائے گا۔