ویب ڈیسک:پاکستان کے جارح مزاج نوجوان اوپنر صائم ایوب نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ان کی سعید انور سے ملاقات ہوئی تھی، تاہم اس ملاقات میں کرکٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق صائم ایوب کا کہنا تھا کہ وہ سعید انور، برائن لارا، سچن ٹنڈولکر، اور ایڈم گلکرسٹ جیسے کھلاڑیوں سے متاثر ہیں اور ان کے کھیل کو دیکھ کر ان کی طرح کھیلنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
صائم ایوب نے بتایا کہ جب وہ پاکستان ٹیم کو کھیلتا دیکھتے تھے اور کھلاڑی پاکستان کے بیگ لے کر میدان میں جاتے تھے تو وہ سوچتے تھے کہ کاش وہ بھی ایسے ہی بیگ لے کر کھیلنے جائیں اور ان کے بیگ میں پاکستان کا ہیلمٹ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک خاص کھلاڑی نہیں بلکہ کئی کھلاڑی ہیں جن سے وہ متاثر ہیں۔
صائم ایوب نے یہ بھی کہا کہ سعید انور سے ان کی ملاقات مسجد میں ہوئی تھی، لیکن اس وقت وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور سعید انور انہیں نہیں جانتے تھے، اس لئے اس ملاقات میں کرکٹ کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔ صائم کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں دوبارہ سعید انور سے ملاقات ہوئی تو وہ ضرور کرکٹ پر بات کریں گے۔