بجلی کی قیمتوں میں ریلیف پر پاور ڈویژن کا ردعمل سامنے آگیا

 بجلی کی قیمتوں میں ریلیف پر پاور ڈویژن کا ردعمل سامنے آگیا

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں ریلیف پر پاور ڈویژن کا ردعمل سامنے آگیا۔

ترجمان پاور ڈویژن ظفریاب خان نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ بجلی کے نرخوں میں ریلیف پر عملدرآمد کیا جائےگا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بجلی کے نرخوں میں کسی قسم کی تبدیلی کی تردید کی خبریں بے بنیاد اور متضاد ہیں، بعض عناصر جان بوجھ کر بجلی کے نرخوں اور اس کی تکنیکی تفصیلات سے متعلق غلط معلومات پھیلا کر حقائق کو مسخ کررہے ہیں۔

انہوں نے  کہاکہ اس طرح کی رپورٹس حکومت کے سرکاری مؤقف کو غلط انداز میں پیش کرتی ہیں اور اس کا مقصد عوام میں الجھن پیدا کرنا ہے۔

ترجمان نے واضح کیاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کمی کا اعلان درست ہے اور اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ جاری موسم گرما کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نے صارفین پر بوجھ کم کرنے کے لیے فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم کے اعلان کے بعد نیپرا نے بغیر کسی تاخیر کے ریلیف پیکیج پر عمل درآمد کے لیے 4 اپریل کو سماعت کی۔

ریلیف پیکیج کی وفاقی کابینہ پہلے ہی منظوری دے چکی ہے اور اس کا اطلاق ملک بھر کی تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں پر ہوگا۔

ترجمان نے کہاکہ یہ ریلیف مہینوں کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے جس میں ٹیرف کو کم کرنے کے لیے آزاد پاور پروڈیوسرز (آئی پی پییز) کے ساتھ مذاکرات شامل ہیں،  جب اصل اثر عوام تک پہنچ رہا ہو تو ٹیرف کے زمرے پر بحثیں غیر ضروری ہیں، اس بروقت اقدام کے لیے حکومت کو کریڈٹ دینا چاہیے۔

Watch Live Public News