ویب ڈیسک: حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ سوزوکی مہران ایک نئے انداز میں واپس آ رہی ہے، تاہم، پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے ان افواہوں کی تردید کی ہے اور واضح کیا ہے کہ مہران کو دوبارہ متعارف کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
یہ افواہیں دراصل مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ویڈیوز اور تصاویر کی وجہ سے پھیلیں، جن میں " Mehran 2025" کے نام سے ایک نئی گاڑی دکھائی گئی۔ ان ویڈیوز اور تصاویر نے لوگوں کو یہ یقین دلایا کہ مہران کی واپسی ہو رہی ہے۔ تاہم، کمپنی نے ان تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد خبروں پر یقین نہ کریں۔
یاد رہے کہ سوزوکی مہران کو 2019 میں بند کر دیا گیا تھا اور اس کی جگہ سوزوکی آلٹو جیسے نئے ماڈلز متعارف کرائے گئے تھے، لہٰذا، موجودہ معلومات کے مطابق، سوزوکی مہران کی واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر " Mehran 2025" کے برانڈنگ کے ساتھ ایک کَی کار (Kei Car) کی AI سے بنائی گئی ویڈیوز وائرل ہونا شروع ہوئیں۔ ان ویڈیوز میں ایک جدید اور خوبصورت ڈیزائن کی چھوٹی گاڑی کو "نئی سوزوکی مہران" کے طور پر پیش کیا گیا، جس نے صارفین میں کافی دلچسپی پیدا کی۔
یہ ویڈیوز اتنی حقیقت کے قریب تھیں کہ بہت سے لوگوں نے یہ سمجھا کہ واقعی پاک سوزوکی مہران کو ایک نئے انداز میں دوبارہ لانچ کر رہی ہے۔