یوٹیوب سے پیسے کیسے کمائیں  جائیں ؟ کمپنی نے شرائط کو مزید سخت کردیا

یوٹیوب سے پیسے کیسے کمائیں  جائیں ؟ کمپنی نے شرائط کو مزید سخت کردیا

(ویب ڈیسک)دنیا کی معروف ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب سے دنیا بھر میں بڑی تعداد میں افراد اضافی آمدنی حاصل کرتے ہیں۔

یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے پیسے کمانے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک پرکشش پلیٹ فارم بن چکا ہے، جہاں تخلیقی صلاحیت رکھنے والے افراد اپنی قابلیت کا مظاہرہ بھی کرسکتے ہیں اور آمدنی بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

دنیا بھر میں اربوں افراد یوٹیوب استعمال کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہ تخلیقی سوچ رکھنے والے افراد کے لیے اپنی صلاحیتیں سامنے لانے کا ایک بہترین ذریعہ بن گیا ہے۔

ہر فرد یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بن کر اس ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم سے آمدنی حاصل کرسکتا ہے۔

تاہم اب بیشتر افراد کے لیے یوٹیوب سے پیسے کمانا پہلے کے مقابلے میں آسان نہیں ہوگا کیونکہ کمپنی نے اس حوالے سے اپنی شرائط مزید سخت کردی ہیں۔

واضح رہے کہ یوٹیوب کی monetization سہولت کے ذریعے صارفین کو اشتہارات، چینل ممبرشپ، سپر چیٹ اور merchandise سے آمدنی حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔

ان سہولیات کو حاصل کرنے کے لیے صارف کا یوٹیوب پارٹنر پروگرام (وائے پی پی) کا حصہ بننا ضروری ہے۔

یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل ہونے کے لیے صارفین کو کچھ مخصوص شرائط پوری کرنا ہوتی ہیں، تاہم اب ان شرائط کو پہلے کے مقابلے میں مزید سخت کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل یوٹیوب سے پیسے کمانے کے لیے ضروری تھا کہ صارف کے چینل پر 1 ہزار سبسکرائبرز موجود ہوں جبکہ اس کی طویل ویڈیوز کو گزشتہ ایک سال کے دوران 4 ہزار گھنٹوں سے زائد دیکھا گیا ہو، لیکن اب اس شرط کو دوگنا کردیا گیا ہے۔

نئی شرط کے مطابق اب صارف کے لیے ضروری ہوگا کہ ایک سال کے دوران اس کی ویڈیوز کو کم از کم 8 ہزار گھنٹوں تک دیکھا گیا ہو، تب ہی وہ پارٹنرشپ پروگرام کا حصہ بن کر آمدنی حاصل کرسکے گا، یا پھر یوٹیوب شارٹس ویڈیوز کو گزشتہ 90 دن کے دوران 2 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جانا ضروری ہوگا۔

اس سے قبل شارٹس ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرنے کے لیے ایک کروڑ ویوز کی شرط مقرر تھی۔

یوٹیوب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نئی تبدیلی کا اطلاق یکم فروری 2027 سے ہوگا، جبکہ گوگل کے مطابق وہ صارفین اس اپ ڈیٹ سے متاثر نہیں ہوں گے جو پہلے ہی یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں۔

یوٹیوب نے مزید بتایا کہ مستقبل میں شارٹس ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرنے کے لیے صارفین کو 90 دن کے اندر ایک کروڑ ویوز کی شرط برقرار رکھنا ہوگی۔

اگر صارف ایسا کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا تو وہ یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ برقرار رہے گا اور طویل ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرسکے گا، تاہم شارٹس ویڈیوز سے کمائی اسی وقت ممکن ہوگی جب وہ دوبارہ ایک کروڑ ویوز حاصل کرلے گا۔

کمپنی کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد یوٹیوب کے آگے بڑھنے کے عمل کی رفتار کو برقرار رکھنا ہے۔ اس وقت یوٹیوب پر روزانہ 200 ارب سے زائد شارٹس دیکھی جاتی ہیں، جبکہ صرف ٹی وی پر ہی ایک ارب گھنٹوں کے برابر ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں۔

تاہم ان تبدیلیوں کے نتیجے میں صارفین کے لیے یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بننا اور اس میں اپنی جگہ برقرار رکھنا پہلے سے زیادہ مشکل ہوجائے گا، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو شارٹس ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں۔

Watch Live Public News