ویب ڈیسک: برطانوی خبر رساں ادارے کا دعویٰ ہے کہ ایران اور امریکا کو جنگ کے خاتمے کے لیے ایک جامع منصوبہ موصول ہو گیا ہے، جس پر دونوں ممالک غور کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے پیش کیے گئے اس دو مرحلوں پر مشتمل منصوبے میں پہلے فوری جنگ بندی اور بعد ازاں مستقل معاہدہ شامل ہے۔ تجویز میں جنگ بندی کے ساتھ آبنائے ہرمز کھولنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اس عمل میں اہم رابطہ کردار ادا کر رہا ہے اور اعلیٰ سطحی سفارتی رابطے جاری ہیں۔ ممکنہ معاہدے کو “اسلام آباد اکارڈ” کا نام دیے جانے اور 45 روزہ عارضی جنگ بندی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ادھر امریکی جریدے کے مطابق ثالثی کوششوں میں دو مرحلوں پر مبنی فریم ورک پر بات چیت جاری ہے، جس میں ابتدائی جنگ بندی کے دوران مستقل معاہدے پر مذاکرات ہوں گے۔
تاحال امریکی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ قریبی مدت میں کسی حتمی پیش رفت کے امکانات محدود بتائے جا رہے ہیں۔