ویب ڈیسک: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ عدالتی حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں سپریم کورٹ آف پاکستان اور آئینی عدالت کے ججز کے علاوہ ترکیہ کی آئینی عدالت کے اعلیٰ سطح وفد کے ارکان بھی موجود تھے، جبکہ آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ترک وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس دورے کو دونوں ملکوں کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت عدالتی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
چیف جسٹس نے ترکیہ کے عدالتی نظام میں جدت اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ بدلتی ہوئی دنیا میں عدالتی نظاموں کے درمیان تجربات کا تبادلہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بناتے ہوئے دونوں ممالک کے عدالتی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔