ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں توانائی بچت کے پیش نظر سندھ کے علاوہ ملک بھر میں بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق روزمرہ اشیا کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور مالز بھی اسی وقت بند ہوں گے، جبکہ بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور دیگر کھانے پینے کے مراکز رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میرج ہالز، مارکیز اور گھروں میں شادی بیاہ کی تقریبات بھی رات 10 بجے کے بعد منعقد نہیں ہو سکیں گی، تاہم میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔
یہ فیصلے 7 اپریل سے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں نافذ ہوں گے، جبکہ خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بازار اور مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق سندھ میں کاروباری اوقات کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔