آئندہ دنوں میں مون سون بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی

آئندہ دنوں میں مون سون بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں جبکہ 10 اگست (بدھ) سے مون سون ہوائیں زیادہ شدت کے ساتھ ملک میں داخل ہونگی۔ جس کے باعث 06 سے 09 اگست کے دوران کشمیر، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ 10 سے 13 اگست کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ ممکنہ اثرات: 08 اور 10 سے 12 اگست کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد، لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ 08 اور 10 سے 12 اگست کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، شکر گڑھ، سیالکوٹ، نارووال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، کرک، بنوں، لکی مروت اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ 11 سے 13 اگست کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدر آباد، دادو، جام شورو، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپور خاص میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ اس دوران قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، شیرانی، سبی، بولان، قلات، خضدار، لسبیلا، آواران، تربت، پنجگور، پسنی، جیوانی، اورماڑہ، گوادر اور ڈیرہ غازی خان کے برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث دریائے راوی، جہلم اور چناب کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی توقع ہے۔ اس دوران کشمیر، خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلیات، مری، چلاس، دیامیر، گلگت، ہنزہ، استور اور سکردومیں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ مسافر اور سیاح موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کریں اور سفر کے دوران مزید محتاط رہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔