ویب ڈیسک: پاکستان نے افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے انخلا کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے انہیں یکم ستمبر تک ملک چھوڑنے کی مہلت دے دی ہے۔ یہ فیصلہ ملک میں غیر قانونی تارکینِ وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد ایسے تمام افراد کے خلاف ملک بدری کی کارروائی کی جائے گی جو پاکستان میں بغیر قانونی اجازت یا دستاویزات کے قیام پذیر ہیں۔
سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حتمی ڈیڈ لائن میں صرف 26 دن باقی بچے ہیں اور اس دوران افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو واپس اپنے ملک روانہ ہونے کے لیے انتظامات مکمل کرنے چاہئیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ انخلا کے عمل کے دوران کسی کے ساتھ بدسلوکی یا زبردستی نہیں کی جائے گی بلکہ واپس جانے والوں کو خوراک، صحت اور سفری سہولیات سمیت ضروری انسانی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ ان کی واپسی کا سفر باعزت اور محفوظ بنایا جا سکے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں غیر قانونی رہائش پذیر افراد کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا، قانون کی بالادستی کو قائم کرنا اور وسائل پر بڑھتے دباؤ کو کم کرنا ہے۔ حکام نے افغان شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت سے پہلے اپنی جگہ خالی کر دیں اور واپسی کے مراحل تیزی سے مکمل کریں، تاکہ بعد میں کسی سخت انتظامی کارروائی یا ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں لاکھوں افغان باشندے کئی دہائیوں سے مقیم ہیں، جن میں سے ایک بڑی تعداد نے افغان سٹیزن کارڈ حاصل کر رکھا ہے۔ حکومت کا حالیہ فیصلہ انہی افراد کو وطن واپسی کے لیے پابند بناتا ہے، تاکہ ملک میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے مسئلے پر مؤثر انداز میں قابو پایا جا سکے۔