ویب ڈیسک: پاکستانی میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، مگر اس بار وجہ ان کا کوئی نیا گانا نہیں بلکہ اُن کی ذاتی زندگی ہے۔ مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں کے مطابق آئمہ بیگ نے اپنے قریبی دوست زین احمد کے ساتھ خاموشی کے ساتھ نکاح کر لیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ سادہ مگر پر وقار تقریب کینیڈا میں قریبی عزیز و اقارب کی موجودگی میں منعقد ہوئی، جس میں صرف خاندان کے چند افراد اور قریبی دوست شریک تھے۔
سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ نکاح کی تقریب کی ہے۔ اس تصویر میں آئمہ بیگ سفید لباس میں موجود ہیں جبکہ زین احمد رسمی لباس میں ان کے ساتھ کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ اگرچہ گلوکارہ کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم ان افواہوں نے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے، جو انہیں نئی زندگی کے آغاز پر مبارکبادیں دیتے نظر آ رہے ہیں۔
آئمہ بیگ اور زین احمد کو گزشتہ کچھ عرصے کے دوران مختلف تقاریب اور سوشل ایونٹس میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، جبکہ دونوں نے اپنی دوستی کا اظہار انسٹاگرام پر بھی کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق یہ دوستی وقت کے ساتھ گہرے رشتے میں بدل گئی اور دونوں نے شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آئمہ بیگ اداکار و ماڈل شہباز شگری کی منگیتر تھیں۔تاہم ذاتی وجوہات کی بنا پر دونوں نے باہمی رضامندی سے اپنی منگنی ختم کر دی تھی۔