(ویب ڈیسک ) یونان کشتی حادثہ 2023 میں ملوث بدنام زمانہ ملزم سمیت 5 انسانی سمگلرز گرفتار کرلیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت سبطین عباس، بلال احمد، وسیم اعظم، محمد ریاض اور محمد عامر فاروق کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو چھاپہ مار کارروائیوں میں لاہور اور شیخوپورہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سبطین عباس نے شہری کو اٹلی ورک ویزا پر بھجوانے کا جھانسہ دے کر 17 لاکھ روپے ہتھیائے۔ ملزم نے شہری کو غیر قانونی طریقے سے بذریعہ کشتی لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی۔یونان کی سمندری حدود میں کشتی حادثے کا شکار ہو گئی تھی ، کشتی حادثہ میں معصوم شہری حال لاپتہ ہوگیا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم بلال احمد نے شہری سے قطر ورک ویزا پر بھجوانے کے نام پر 6 لاکھ 30 ہزار روپے بٹورے۔ ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا، ملزم بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گیا تھا۔ملزم کے قبضہ سے 13 پاکستانی پاسپورٹ بھی برآمد کیے گئے ہیں۔جبکہ ملزمان وسیم اعظم ،محمد ریاض اور محمد عامر فاروق گلف میڈیکل کنسلٹنٹ کی آڑ میں انسانی سمگلنگ میں ملوث پائے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 11 پاکستانی پاسپورٹ،6 موبائل فون اور دیگر دستاویزی شواہد بشمول اصلی میڈیکل رپورٹس بھی برآمد کی گئی ہیں ۔ گرفتار ملزمان سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے جنہیں گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔