بابر اعظم نے عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا

بابر اعظم نے عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا
کیپشن: بابر اعظم نے عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا

ویب ڈیسک: پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق کپتان عمران خان کا ایک تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا۔

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی، جبکہ بابر اعظم 193 رنز کے ساتھ سیریز کے سب سے کامیاب بیٹر رہے۔ انہوں نے چار اننگز میں 96.50 کی شاندار اوسط سے رنز اسکور کیے۔

بابر اعظم نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 23 رنز بنائے، جبکہ دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ نصف سنچری اسکور کی۔ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ان کی 88 رنز کی عمدہ اننگز پاکستان کو 43 رنز کی فیصلہ کن برتری دلانے میں کلیدی ثابت ہوئی۔

سیریز کی آخری اننگز میں بابر نے صرف 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے، جس میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے، اور پاکستان نے 75 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔

غیر معمولی کارکردگی پر بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ جسٹن گریوز نے سیریز میں 111 رنز بنانے کے ساتھ 7 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

یہ بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ ہے، جبکہ بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور پر یہ ان کا 10واں ایوارڈ ہے۔ اس سے قبل وہ پانچ مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور چار مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔

اس کامیابی کے ساتھ بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا۔ اس فہرست میں وسیم اکرم بھی 10 ایوارڈز کے ساتھ مشترکہ طور پر سرفہرست ہیں، جبکہ وقار یونس 9 ایوارڈز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

Watch Live Public News