ویب ڈیسک: میکسیکو میں سوشل میڈیا انفلوئنسر سیزر گاستیلم کو ٹک ٹاک پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیزر گاستیلم کے ٹک ٹاک پر 5 لاکھ سے زائد فالوورز تھے، جہاں وہ مزاحیہ ویڈیوز، روزمرہ زندگی کے دلچسپ لمحات اور تفریحی مواد شیئر کرتے تھے۔ انسٹاگرام پر بھی وہ سفر، مہنگی گاڑیوں اور اپنی ذاتی زندگی سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرتے رہتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ شمالی ریاست سینالوا کے دارالحکومت کولیاکان کے علاقے ٹریس ریوس میں پیش آیا، جہاں سیزر گاستیلم اپنے دوستوں کے ساتھ ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے باہر ٹک ٹاک پر لائیو ویڈیو بنا رہے تھے۔
اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد موقع پر پہنچے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک حملہ آور نے قریب سے سیزر گاستیلم پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دونوں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق حملے کے وقت سیزر گاستیلم اور ان کے دوست نارنجی رنگ کی جیکٹس اور بیگ پہنے ہوئے تھے، جو عام طور پر فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز استعمال کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے پولیس نے ابتدائی طور پر مقتول کو ڈیلیوری ورکر سمجھا، تاہم بعد ازاں ان کی شناخت ایک معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر کے طور پر ہوئی۔
واقعے کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر گولیوں کے خول، قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔